ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 66
گل پریشاں ہیں تو جھونکے، نار ہیں اَب کے برس
سارے ارکانِ سکوں، نادار ہیں اَب کے برس
کھیت سے لے کر، کناروں تک کا عالم ایک ہے
خِستِ دریا سے سب، بیزار ہیں اَب کے برس
جال سے نکلے تو، تیروں کی چتا ہے سامنے
دل کو لاحق اور ہی آزار ہیں اَب کے برس
درمیاں میں جان لیوا، پیاس کا آسیب ہے
سارے پنگھٹ دشت کے اُس پار ہیں، اب کے برس
بے دلی ماجد اگر کُچھ ہے، تو وُہ چڑیوں میں ہے
جتنے شاہیں ہیں، بہت سرشار ہیں اب کے برس
ماجد صدیقی