ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 60
کر دے ہمارے نام، خجالت کُچھ اور بھی
اے آسماں! اُتار رذالت کُچھ اور بھی
ہاں کِلکِ خاص بھی ہے تری، لوحِ خاص بھی
کر لے بنامِ خویش، بسالت کُچھ اور بھی
آئے نہیں ہیں بس میں ابھی، ضابطے تمام
سانچے میں اپنے ڈھال، عدالت کُچھ اور بھی
کافی نہیں ہے، تُندیٔ موسم کی تاب ہی
دیکھیں گے پیڑ، زورِ علالت کُچھ اور بھی
کہتی ہے رات مجھ کو نہ کاجل کہو فقط
ماجدؔ وُہ چاہتی ہے، وکالت کُچھ اور بھی
ماجد صدیقی