تلاش

ماجد صدیقی

شاعرِ بے مثال ماجد صدیقی مرحوم ۔ شخصیت اور شاعری

ٹیگ

بنجر

ہم رہ سکے نہ خَیر کو بھی شر کہے بغیر

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 189
محسن کو اہل مسلکِ دیگرکہے بغیر
ہم رہ سکے نہ خَیر کو بھی شر کہے بغیر
ہوتے نہ جن کے، جاگنے پائے ہمارے بھاگ
اُن کھیتیوں کو کیا کہیں بنجر کہے بغیر
تا غیر کہہ کے مجھ کو غبی خوش رہا کرے
’سنتا نہیں ہوں بات مکرّر کہے بغیر،
ہاں جس کا قُربِ خاص ہے سونے سا قیمتی
اُس شوخ کو کہیں بھی تو کیا؟ زرکہے بغیر
جس نے خدا سے ہٹ کے کیا، جی کو جو لگا
آدم کو ہم بھی کیا کہیں خودسرکہے بغیر
اپنے یہاں یہی تو خرابی ہے جا بہ جا
کمتر بھی خوش نہ ہو کبھی برتر کہے بغیر
شاعر بھی ہے وہ صرف معلّم نہیں حضور!
ماجد کو کیا کہو گے سخنور کہے بغیر
ماجد صدیقی

جس کے رخ پر گرد کی چادر نہیں

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 27
باغ میں ایسا کوئی منظر نہیں
جس کے رخ پر گرد کی چادر نہیں
ہونٹ باہر کی ہوا سے خشک ہیں
دل وگرنہ اِس قدر بنجر نہیں
اُس کا ہونا اور نہ ہونا ایک ہے
جس قبیلے میں کوئی بُوذر نہیں
جب سے دیوانہ مرا ہے شہر میں
پاس بچوں کے کوئی پتّھر نہیں
کم نہیں کچھ اُس کی خُو کا دبدبہ
ہاتھ میں قاتل کے گو خنجر نہیں
بے حسی ماجدؔ! یہ چھَٹ جائے گی کیا
آپ کہہ لیں پر ہمیں باور نہیں
ماجد صدیقی

Create a free website or blog at WordPress.com.

Up ↑