تلاش

ماجد صدیقی

شاعرِ بے مثال ماجد صدیقی مرحوم ۔ شخصیت اور شاعری

ٹیگ

اُٹھا

کچھ نہ کر اور بس فساد اُٹھا

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 52
دہر کا خود سے اعتماد اٹھا
کچھ نہ کر اور بس فساد اُٹھا
بارِ تشویش تیرے ذہن میں ہے
کم اُٹھا چاہے تو زیاد اُٹھا
دیکھ تجھ پاس حرفِ نرم تو ہے
در سے سائل کو بامراد اُٹھ
دور ہے آسماں زمیں ہی پہ رہ
ہاں اُٹھا نازِ خاک زاد اُٹھا
بزم میں لب نہ اپنے کھینچ کے رکھ
نطقِ خوش کُن پہ حرفِ داد اُٹھا
بانٹ ماجِد سکونِ دل ہر سو
واہموں کے نہ کردباد اُٹھا
ماجد صدیقی

مَیں پھر بھی تُجھ سے تیرا پتہ پوچھتا رہا

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 16
تو پھُول تھا، مہک تھا صدا کی ادا بھی تھا
مَیں پھر بھی تُجھ سے تیرا پتہ پوچھتا رہا
جل بُجھ کے رہ گیا ہوں بس اپنی ہی آگ میں
کِس زاویے پہ آ کے مقابل ترے ہوا
شب بھر ترے جمال سے چُنتا رہا وہ پھُول
پھُوٹی سحر تو میں بھی سحر کی مثال تھا
مَیں ہی تو تھا کہ جس نے دکھایا جہان کو
تیشے سے اِک پہاڑ کا سینہ چِھدا ہوا
بدلا ہے گلستاں نے نیا پیرہن اگر
گُدڑی پہ ہم نے بھی نیا ٹانکا لگا لیا
مَیں تھا اور اُس کا وقتِ سفر تھا اور ایک دھند
ہاں اُس کے بعد پھر کبھی دیکھا نہ زلزلہ
بعدِ خزاں ہے جب سے تہی دست ہو گئی
سہلا رہی ہے شاخِ برہنہ کو پھر ہوا
مَیں تو ہوا تھا تِیر کے لگتے ہی غرقِ آب
تالاب بھر میں خون مرا پھیلتا گیا
ہر اِک نظر پہ کھول دیا تُو نے اپنا آپ
دل کا جو بھید تھا اُسے ماتھے پہ لکھ لیا
واضح ہیں ہر کسی پہ ترے جسم کے خطوط
تُو تو چھپی سی چیز تھی تُو نے یہ کیا کیا
اِک بات یہ بھی مان کہ ماجدؔ غم و الم
پیروں کی خاک میں نہ اِنہیں سر پہ تو اُٹھا
ماجد صدیقی

WordPress.com پر بلاگ.

Up ↑