تلاش

ماجد صدیقی

شاعرِ بے مثال ماجد صدیقی مرحوم ۔ شخصیت اور شاعری

ٹیگ

انسان

کم نہیں کسبِ خسارہ میں مگر انسان بھی

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 61
عرش تک سے اِس پہ ارزانی ہیں گو احسان بھی
کم نہیں کسبِ خسارہ میں مگر انسان بھی
ہے ہمیں کیوں اُس بدن پر حکمرانی کا یقیں
جس کے ملنے کا نہیں باقی کوئی امکان بھی
سرو کا تو کیا جو لرزاں بھی ہو شورِ سیل سے
خاک پر دِبکے ملے ہیں سنبل و ریحان بھی
آبجو میں اور ہے پودا سرِ ساحل کچھ اور
سانس لینا دہر میں مشکل بھی ہے آسان بھی
باپ روزی کے لئے نکلا وطن سے دُور تو
مڑ کے بچّوں کی نہ اُس سے ہو سکی پہچان بھی
سحرِ سے فرصت مِلے دل کے تو ماجدؔ دیکھنا
کچھ تقاضے تجھ سے رکھتی ہے بدن میں جان بھی
ماجد صدیقی

نام ہمارے،کیا کیا کُچھ تاوان ہوئے

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 57
فصلیں اُجڑیں اور قُرقی کھلیان ہوئے
نام ہمارے،کیا کیا کُچھ تاوان ہوئے
اُگتی فصلوں کو چاٹا، آسیبوں نے
موسم بھر بھی، چاہ اگر، ویران ہوئے
رہبروں کی قامت، بالا کرنے کو
ہم کیا کیا، تعمیر کا ہیں سامان ہوئے
اپنے ناپ سے ناپیں، اُس کی رحمت کو
اِس جگ میں ایسے بھی کُچھ انسان ہوئے
ماجدؔ کاش، کبھی چھم سے، وُہ آ جائے
عمر ہوئی ہے ہم پر، یہ احسان ہوئے
ماجد صدیقی

Create a free website or blog at WordPress.com.

Up ↑