تلاش

ماجد صدیقی

شاعرِ بے مثال ماجد صدیقی مرحوم ۔ شخصیت اور شاعری

ٹیگ

تاجور

کب سے نہیں ترس رہا رخت سفر کو میں

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 201
تیری قرابتوں کے دیئے بال و پر کو میں
کب سے نہیں ترس رہا رخت سفر کو میں
جب سے عطا ہوئی ہے مجھے دولتِ غنا
لاتا نہیں نظر میں کسی تاجور کو میں
کٹھکا ہو اُس پہ کیوں کسی بارانِ سنگ کا
دیکھوں جہاں کہیں کسی پھلتے شجرکو میں
یکجا ہوں جس میں عجز و انا و ادائے عدل
پاؤں تو کس طرح کسی ایسے بشر کو میں
جب بھی ملے سفیر کسی ملکِ خاص کا
حسرت سے گھورتا ہوں بس اپنے نگر کو میں
اِک اِک کا منتہائے غرض ہے بس اپنی ذات
’پہچانتا نہیں ہوں ابھی راہبر کو میں،
ماجد شبانِ تار سا کب سے ہوں منتظر
کب پا سکوں گا حسبِ تمنّا سحر کو میں
ماجد صدیقی

پاؤں نہ بھولنے کبھی طُولِ سفر کو میں

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 193
ٹھہروں جہاں کہیں بھی پہر دو پہر کو میں
پاؤں نہ بھولنے کبھی طُولِ سفر کو میں
جب سے عطا ہوئی ہے مجھے دولتِ غنا
لاتا نہیں نظر میں کسی تاجور کو میں
کٹھکا ہو اُس پہ کیوں کسی بارانِ سنگ کا
دیکھوں جہاں کہیں کسی پھلتے شجرکو میں
یکجا ہوں جس میں عجز و انا و ادائے عدل
پاؤں تو کس طرح کسی ایسے بشر کو میں
جب بھی ملے سفیر کسی ملکِ خاص کا
حسرت سے گھورتا ہوں بس اپنے نگر کو میں
اِک اِک کا منتہائے غرض ہے بس اپنی ذات
’پہچانتا نہیں ہوں ابھی راہبر کو میں،
ماجدشبانِ تار سا کب سے ہوں منتظر
کب پا سکوں گا حسبِ تمنّا سحر کو میں
ماجد صدیقی

لگے ہے جیسے کسی شاہ پر کودیکھا ہے

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 138
قلم کو دیکھا ہے رختِ ہنر کو دیکھا ہے
لگے ہے جیسے کسی شاہ پر کودیکھا ہے
وہ جس سے سے لمس و قرابت کے ہیں مزے منسوب
بڑی کریدس سے، ہاں اُس شجرکودیکھا ہے
کسی کے دم سے جہاں رونقیں تھیں رقص کناں
بہت اداس بھی پھر اس نگر کودیکھا ہے
شکار ملنے پہ جو سرفراز لگتا تھا
خفیف رُو بھی اسی شیرِ نر کودیکھا ہے
دلوں کے تاج شب و روز ہیں بہم جس کو
بڑے ہیء ٹھاٹھ میں اُس تاجور کودیکھا ہے
وہ جس کی نِت کی دِہاڑی پہ ہو گزر ماجد
کب اُس غریب نے انبارِ زرکودیکھا ہے
ماجد صدیقی

چُپ چاپ تھے جانے کیوں شجر بھی

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 54
سہمے تھے چمن کے نغمہ گر بھی
چُپ چاپ تھے جانے کیوں شجر بھی
محرومِ ہوائے گل رہے ہم
ہر چند کھُلے تھے اپنے در بھی
انجام سے جیسے باخبر تھے
ٹھِٹکے رہے گُل بہ شاخِ تر بھی
ہے جاں پہ نظر سو وہ بھی لے لے
اے درد کی رو! کہیں ٹھہر بھی
کچھ کچھ ہمیں مانتے ہیں اب کے
اِس مُلکِ سخن کے تاجور بھی
اک صبر ذرا، وہ دیکھ ماجدؔ
کھُلتا ہے دریچۂ سحر بھی
ماجد صدیقی

ہُوئے اجنبی وہی بام و در ترے شہر میں

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 19
تھے جو آشنائے دل و نظر ترے شہر میں
ہُوئے اجنبی وہی بام و در ترے شہر میں
کبھی سر پہ میرے بھی باز بیٹھا تھا آن کے
کسی روز میں بھی تھا تاجور ترے شہر میں
وہ نظر کہ جس سے تھے دل کو تجھ سے معاملے
ہے اُجاڑ اب وہی راہگزر ترے شہر میں
وہ ستم کبھی سر عام جس کو رواج تھا
وہی اب روا ہے پسِ نظر ترے شہر میں
ہمیں تھے کبھی ترے نیّرِ اُفقِ نگاہ
ہمیں ذرّہ ذرّہ گئے بکھر ترے شہر میں
کیا اختیار سخن تو کب یہ گمان تھا
کہ کرے گا خوار یہی ہنر ترے شہر میں
ماجد صدیقی

ہمیں بھی خبط سا لاحق ہے امیدِ سحر کب ہے

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 4
افق پر، مہر بننا تھا جسے اَب وُہ شرر، کب ہے
ہمیں بھی خبط سا لاحق ہے امیدِ سحر کب ہے
کبھی ایسا بھی تھا لیکن نہ تھے جب بخت برگشتہ
اِسے دریوزہ گر کہئے، یہ دل اَب تاجور کب ہے
اثر جس کا مرض کی ابتدا تک ہی مسلّم تھا
ملے بھی گر تو وُہ نسخہ بھلا اب کارگر کب ہے
چلے تو ہیں کہ انسانوں کو ہم، ہم مرتبت دیکھیں
مگر جو ختم ہو جائے بھلا یہ وہ سفر کب ہے
علی الاعلان حق میں بولتا ہو جو نحیفوں کے
اُسے مردود کہئیے شہر میں وُہ معتبر کب ہے
قفس کا در کہاں کھُلنے کا ہے لیکن اگر ماجدؔ
کھُلا بھی دیکھ لیں تو اعتبارِ بال و پر کب ہے
ماجد صدیقی

Create a free website or blog at WordPress.com.

Up ↑