تلاش

ماجد صدیقی

شاعرِ بے مثال ماجد صدیقی مرحوم ۔ شخصیت اور شاعری

ٹیگ

اٹھائے

باکرہ ماں کی طرح پیٹ چھپائے رکھنا

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 71
دھیان اوروں کا حقیقت سے ہٹائے رکھنا
باکرہ ماں کی طرح پیٹ چھپائے رکھنا
کیا خبر آ ہی نہ جائے وہ سرِ صبح کہیں
دل میں موہوم سی امید جگائے رکھنا
درس منبر سے بھی رہ سہہ کے ملا اِتنا ہی
جو بھی خواہش ہو اُسے کل پہ اُٹھائے رکھنا
دل سے بالک کے لئے آ ہی گیا ہے ہم کو
ہڈیاں آس کی چُولھے پہ چڑھائے رکھنا
جو نہ کہنا ہو سرِ بزم وہ کہہ دیں ماجدؔ
کچھ بھرم ہم کو محّبت کا نہ آئے رکھنا
ماجد صدیقی

پھول چاہت کے کچھ ایسے بھی کھلائے جائیں

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 47
وہ کہ اُجڑے ہوئے جُوڑوں میں سجائے جائیں
پھول چاہت کے کچھ ایسے بھی کھلائے جائیں
سیل کیا کیا نہ اُٹھائیں یہ کروڑوں آنکھیں
خشکیِ بخت پہ گر اشک بہائے جائیں
خشت سے چوب تلک قرض کی ہر چیز لئے
بیچ کٹیاؤں کے کچھ قصر اٹھائے جائیں
محض تائید ہی ہم نام نہ اِن کے لکھ دیں
احتجاجاً بھی کبھی ہاتھ اُٹھائے جائیں
ماجد صدیقی

حشر اِس دل میں اُٹھائے کیا کیا

ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 18
خود کو ہم سے وُہ چھپائے کیا کیا
حشر اِس دل میں اُٹھائے کیا کیا
دمبدم اُس کی نظر کا شعلہ
مشعلیں خوں میں جلائے کیا کیا
ہم نے اُس کے نہ اشارے سمجھے
لعل ہاتھوں سے گنوائے کیا کیا
گلُ بہ گلُ اُس کے فسانے لکھ کر
درد موسم نے جگائے کیا کیا
لفظ اُس شوخ کے عشووں جیسے
ہم نے شعروں میں سجائے کیا کیا
حرف در حرف شگوفے ہم نے
اُس کے پیکر کے، کھلائے کیا کیا
لُطف کے سارے مناظر ماجدؔ
جو بھی دیکھے تھے دکھائے کیا کیا
ماجد صدیقی

Create a free website or blog at WordPress.com.

Up ↑