ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 187
ٹی وی پہ ننگِ قوّتِ اظہار دیکھ کر
چونکے نہ بعد میں نیا اخبار دیکھ کر
لمحوں میں جیسے موسم گُل ہم پہ چھا گیا
ہم کِھل اُٹھے گُلاب سے وہ یار دیکھ کر
قبل از سزائے مرگ ہی جاں سے گزر گئے
ہم اپنے ہاں کے عدل کا معیار دیکھ کر
اغیار کی کمک پہ ہیں کیا کیا اُچھل رہے
حکّام، کامیابیٔ سرکار دیکھ کر
تڑپے بہت کہ جس نے ہمیں دی حیاتِ نَو
رہبر وہ رشکِ خضر، سرِدار دیکھ کر
لگنے لگا ہے وہ بھی ضرورت کی کوئی شے
گھرگھر میں خلقِ ہِند کے اوتار دیکھ کر
چاہوں یہ میں رہیں نہ یہ دھاگے الگ الگ
تسبیح ہاتھ میں، کہیں زُنّار دیکھ کر
گر سن سکے تو سن مرے دل کے جہازراں؟
’لرزے ہے موج مَے تری رفتار دیکھ کر،
پہنچے نہ کوئی دیوتا اصلِ گناہ تک
دھتکارتا ہے وہ بھی گنہگار دیکھ کر
ہر حکمراں فروغِ جہالت پہ خوش رہے
اُلّو بھی مطمئن ہے شبِ تار دیکھ کر
قامت کا ملک ملک کی، تُم ناپ دیکھنا
طُرّہ ملے ہے آہنی ہتھیار دیکھ کر
’بستی میں ٹُھنک گیا ہے یہ کیوں ؟بانس کی طرح،
کہتے تو ہوں گے جھونپڑے، مِینار دیکھ کر
کیا کیا رئیس اَینٹھنے رقبہ نکل پڑے
اُس کے بدن کا حلقۂ پٹوار دیکھ کر
بکھرے ہیں کنکروں سے جو ماجد یہاں وہاں
یاد آئیں کیوں گُہر ترے اشعار دیکھ کر
ماجد صدیقی