ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 151
ناک کی سیدھ میں چلنے کا ہُنرآتا ہے
سانس بھی دیس میں مشکل ہی سے در آتا ہے
تب پتہ چلتا ہے یہ، پینگ میں جب جھول پڑے
راہ گم کردہ بہت دیر میں گھرآتا ہے
واہمے طَے رہِ منزل نہیں کرنے دیتے
ہاتھ کم کم ہی سجنوا کا نگر آتا ہے
ہرکہیں بانٹتے تم خیر کی سوغات پھرو
گود میں لَوٹ کے بس تحفۂ شر آتا ہے
ہو فرشتہ بھی تو ابلیس کا پَیرَو نکلے؟
گھر میں سُسرال کے، کیسا ہے جو بر آتا ہے
یہ نگر اپنا بھی کیا مزرعۂ شر ہے کہ جہاں
دن کو بھی گھر سے نکلتے ہوئے ڈر آتا ہے
چاہے ماجد! اُسے تُم آن۔۔کہ پہچان کہو
مرتبہ ہاتھ جو آئے تو بہ زر آتا ہے
ماجد صدیقی
جواب دیں