ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 145
گزرے وقت کی بپتا حاصل سال کا ہے
دِن دِن گنجینہ، لطفِ پامال کا ہے
خدشہ ہے تو ہرپل سانس کے گھٹنے کا
مستقبل کا کیا ہو، رونا حال کا ہے
دہشت و وحشت میں موسیقی کیا پنپے
اُکھڑا اُکھڑا مُکھڑا ہرسُر تال کا ہے
قدم قدم پر کھال ادھڑتی لاگے ہے
حال بہت پتلا اپنی اس ڈھال کا ہے
قامت، بالا ہو نہ ہمِیں ناداروں کی
سِحر یہ ہم پر کس شاطر کی چال کا ہے
چہرہ چہرہ ایک اداسی چھائی ہے
کھنڈر کنڈر نقشہ تازہ جنجال کا ہے
ماجد اپنے بے دم دیس کے پیکر سے
گِدھ گِدھ ہی کا رشتہ ماضی و حال کا ہے
ماجد صدیقی
جواب دیں