ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 159
خُدا سے مانگتے جو، اُس سے پہلے مِل چکا ہوتا
دُعا کا ہاتھ اپنا کاش ایسے بھی اُٹھا ہوتا
کئی فرعون چھوڑے، پر نہ خود فرعون بچ پایا
اگر بندہ نہ ہوتا تو وُہی اب بھی خُداہوتا
ہم اُس سے پُوچھتے، کم مائیگی شاہکار کی کیوں ہے
خُدائے عزّو جَل سے سامنا گر ہو سکا ہوتا
کسی جارح کے منہ پر ہم طمانچہ ہی لگا سکتے
ہمیں بھی اختیار ایسا کوئی تو دے دیا ہوتا
ہمیں دریا میں اپنی بے بسی پر کیوں پڑا کہنا
ہمارے نام تِنکے ہی کا کوئی آسرا ہوتا
بغیرِ پِیر تھی دُشوار گر تجھ تک رسائی تو
ہمارا پِیر پھر غالب سے کم بھی کوئی کیا ہوتا
دہانِ مرگ چھُو چُھو کر مُڑے جو، گر نہ مُڑ پاتے
نہ ہم ہوتے نہ ماجد قصۂ کرب و بلا ہوتا
نذرِ غالب
ماجد صدیقی
جواب دیں