ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 161
ہم نے رانجھے کو بنایا ہے نشانہ تِیر کا
اور وارث شاہُ نے ناٹک دکھایا ہِیر کا
جانے کیسے ہانپتے جیون بِتائے گی دُلہن
پڑ گیا دُولہے پہ سایہ گر کسی ہمشیر کا
یہ کرشمہ بھی کہیں منڈی سے دُوری کا نہ ہو
شہد کہتے ہیں کہ ہوتا ہے نِرالا دِیر کا
طُولِ قامت ناپتے اُس شوخ کا ہم پر کُھلا
ذائقہ کچھ اور ہوتا ہے زَبَر اور زِیر کا
بحر میں جا کر جو کہلائی ہے سونامی کی لہر
ہاں وہ نالہ تھا ہم ایسے ہی کسی دلگیر کا
کج ادائی دے گئی آرائشِ گیسو اُسے
ہاں یہی چرچا سُنا ہے اُس کے ٹیڑھے چِیر کا
وہ کہے، ہو تازگی تو رُوئے جاناں کی سی ہو
اور داعی ہے تو ماجد شعر میں تاثِیر کا
ماجد صدیقی
جواب دیں