ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 21
شہر کی ناآسودگیاں اور اُجڑی یادیں گاؤں کی
سُکھ کی شِیرِینی کو چیونٹیاں چاٹتی ہیں چِنتاؤں کی
آمر آمر کے سائے میں خلقِ خدا نے پنپنا کیا
رات کی رانی پلنے لگی ہے کوُکھ میں کب صحراؤں کی
وہ بھی کسی کسی بختاور کے حصے میں آتی ہے
آخر کو سرہانے سجتی ہے جو تختی ناؤں کی
کھیل میں بد خُلقی کے ناتے وہ کہ ہے جو شہ زور بنا
زِچ لگتا ہے کیا کیا،کوشش کرتے آخری داؤں کی
بھلے وہ حق میں ہو اولاد کے، خالص اور پوِتّر بھی
پھولنے پھلنے پائی ہے کب چاہت بیوہ ماؤں کی
ہم کہ جنموں کے ہیں مسافر مغوی طیّاروں کے،ہمیں
جانے کیا کیا باقی ہے ملنی تعزِیر خطاؤں کی
بادلوں میں بھی دیکھو ماجِد ابکے یہ کیا پھوٹ پڑی
چھائے دشت نوردوں کے سر ٹُکڑی ٹُکڑی چھاؤں کی
23مارچ07 کواسلام آباد سے امریکہ کے سفر کے دوران فلائٹBA-128میں لکھی گئی ایک غزل
ماجد صدیقی