ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 37
تیری دہلیز پر جُھکے تھے ہم
راکھ سی بن کے پھر اُڑے تھے ہم
تن پہ یُوں داغ برّشوں کے نہ تھے
بِن بہاروں کے ہی بھلے تھے ہم
تھا عجب غلغلہ سا بچّوں کا
ڈور کٹنے پہ جب گرے تھے ہم
جتنے اب ہیں گنوا کے دل کا بھرم
اتنے رُسوا کہاں ہوئے تھے ہم
فخر سے خاک تھی سپہر بنی
جانبِ دار جب چلے تھے ہم
اب کھُلا ہے کہ اپنے حق میں بھی
بڑھ کے ابلیس سے بُرے تھے ہم
شاخ وہ حسرتوں کا پیکر ہے
جس پہ ماجد! کبھی کھِلے تھے ہم
ماجد صدیقی
جواب دیں