ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 36
تیر جب اُس کا جاں کے پار نہ تھا
دل میں یوں زہر سا خمار نہ تھا
ہے منانا اُسی خدا کو ہمیں
جس کو آدم پہ اعتبار نہ تھا
آئنے سج رہے تھے پلکوں پر
حالِ دل پھر بھی آشکار نہ تھا
وسعتیں جب تلک طلب میں نہ تھیں
حرف یوں وقفِ اختصار نہ تھا
تھے زمیں پر قدم ہمارے بھی
بدگماں ہم سے جب وہ یار نہ تھا
شدّتِ اشتہا سے جسم اپنا
کب سزاوارِ سنگسار نہ تھا
مہرباں وہ بھی تھا مگر ماجدؔ
کوئی ہم سا بھی جاں سپار نہ تھا
ماجد صدیقی