ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 14
اِس میں جانے کس کے ہجر کا کَس بل ہے
اِک مدّت سے جسم ہمارا بوجھل ہے
منفی ہے پر اُس کی بھی اک دنیا ہے
وہ جو نظر میں اہلِ نظر کی پاگل ہے
بات ہے ساری یہ تقلید کے جذبے کی
چرواہا بھی اِس کارن ہی پیدل ہے
جھپٹا ہے پھر سانپ کسی کاشانے پر
رات گئے شاخوں میں کیا یہ ہلچل ہے
پتھر ہے جو اس کو کیا پرواہ بھلا
شیشے ہی کو جان کا کھٹکا پل پل ہے
اب دریا کی سیر کو کم کم جاتا ہے
ماجدؔ جس کا اپنا چہرہ جل تھل ہے
ماجد صدیقی
جواب دیں