ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 41
جنوں کی جن میں تابانی بہت ہے
اُنہی لفظوں کی نگرانی بہت ہے
خرد کی سلطنت کیسی کہ اِس پر
اِسی اک دل سا زندانی بہت ہے
انا سے دست برداری جہاں ہو
وہاں جینے میں آسانی بہت ہے
ابھی مشکل ہے صحرا سے نکلنا
کہ چھالوں میں ابھی پانی بہت ہے
طلب کا دشت ہے اور بے دلی کی
مزاجوں میں فراوانی بہت ہے
نکھرتی ہے بڑی مُدّت میں ماجدؔ!
زمیں چہرے کی بارانی بہت ہے
ماجد صدیقی