ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 43
مزرعۂ دین میں اُگتے ہیں اصنام مرے
کیا جانوں کیا کیا ہیں عقیدے خام مرے
لطف تو یہ ہے رہزن بھی یہ کہتا ہے
دیکھو امن نگر کا بھی ہے نام مرے
جانے کب یوسف ٹھہرایا جاؤں میں
اور زبانوں پر رقصاں ہوں دام مرے
جیسے کلمۂ خیر مخالف کے حق میں
رک جاتے ہیں بس ایسے ہی کام مرے
ہاتھ کبھی تو ہَوا کے لگے گی یہ خوشبو
بول کبھی تو ہوں گے ماجد عام مرے
ماجد صدیقی
جواب دیں