ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 49
وقت دکھا دے شاید کوئی بھولی بسری شام
شام کوئی اُس کی آنکھوں میں کاجل جیسی شام
چہرہ چہرہ سہم سے یوں بیدم ہے جیسے آج
جسم چچوڑنے آئی ہو نگری میں اُتری شام
سُکھ سپنوں کے پیڑ پہ ہے پھر چڑیوں جیسا شور
پھر پھنکار اُٹھی جیسے ناگن سی بپھری شام
کرب و الم کا نحس گہن یوں دن پر پھیل گیا
آج کی شام سے آن ملی محشر سی گزری شام
کیا کیا حدّت کس کس ذرّے نے ہتھیائی ہے
پوچھ کے آئی سورج کے پہلو سے نکلی شام
مٹتی ہے کب ہاتھوں سے لیکھوں کی یہ تحریر
ڈھلتی ہے کب جانے انگناں انگناں ٹھہری شام
لطف و کرم سے بیگانہ اور زہرِحسد سے چُور
سوتیلی ماؤں سی ماجدؔ یہ کیا آئی شام
ماجد صدیقی
جواب دیں