ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 29
عرش سے رُخ جانبِ دنیائے دُوں کرنا پڑا
بندگی میں کیا سے کیا یہ سر نگوں کرنا پڑا
مِنّتِ ساحل بھی سر لے لی بھنور میں ڈولتے
ہاں یہ حیلہ بھی ہمیں بہرِسکوں کرنا پڑا
سامنے اُس یار کے بھی اور سرِ دربار بھی
ایک یہ دل تھا جسے ہر بار خوں کرنا پڑا
ہم کہ تھے اہلِ صفا یہ راز کس پر کھولتے
قافلے کا ساتھ آخر ترک کیوں کرنا پڑا
خم نہ ہو پایا تو سر ہم نے قلم کروا لیا
وُوں نہ کچھ ماجدؔ ہُوا ہم سے تو یوں کرنا پڑا
ماجد صدیقی
جواب دیں