ماجد صدیقی ۔ غزل نمبر 62
کل تھا جو مِلا، کرب وُہی آج ملا ہے
پیہم نگر اُمید کا، تاراج مِلا ہے
اِک چیخ سی اور بعد میں کُچھ خون کی بُوندیں
شاہین کو چڑیوں سے، یہی باج مِلا ہے
دستک سے، سرِ شہر پڑاؤ کو، جو دی تھی
ایسے بھی ہیں کُچھ، جن کو یہاں راج مِلا ہے
کانوں میں کوئی گرم سخن، آنے نہ پائے
سر ڈھانپ کے رکھتے ہیں جنہیں تاج مِلا ہے
پھُوٹے تو بنائیں، نیا اک اور گھروندا
ماجدؔ ہمیں کرنے کو، یہی کاج ملِا ہے
ماجد صدیقی